بنگلورو2 فروری (ایس اونیوز) اراکین اسمبلی کی گرفتاری کیلئے اسمبلی اسپیکر سے اجازت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ۔ وزیراعلیٰ ہو یا رکن اسمبلی قانون کی نظر میں تمام ایک ہیں۔ یہ باتیں اسپیکر کے آر رمیش نے کہیں۔ بروز جمعہ ودھان سودھا میں نامہ نگاروں سے انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی گرفتاری ،رہائی کے سلسلہ میں متعلقہ افسر انہیں جانکاری دیتے ہیں ۔ اس سے ہم ایوان کے اراکین کو آگاہ کرتے ہیں ۔ ایوان کے باہر اراکین سے سرزد ہونے والی حرکات ہماری حدود میں نہیں آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ناراض اراکین اسمبلی کے سلسلہ میں مجھے کئی جانکاری نہیں ہے ۔ وہ کتنے ہیں،کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں مجھے معلوم نہیں ۔میرے بارے میں بھی افواہ اڑائی گئی تھی کہ میں بیرون ملک چلا گیا ہوں جبکہ میں یہیں تھا ۔ ضرورت پڑی توبیرون ملک جاؤں گا ۔ کسی کو بھیجنے کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ 6تا 15فروری مشترکہ سیشن ہوگا ۔ 6فروری کو ریاستی گورنر مشترکہ سیشن کو خطاب کریں گے ۔ اصول کے مطابق گورنر کو دعوت دی گئی ہے۔